Time 17 جون ، 2025
دنیا

ایران کا اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر پر حملہ، تل ابیب میں خوف و ہراس

ایران کا اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر پر حملہ، تل ابیب میں خوف و ہراس
اسرائیل میں ایرانی میزائل گرنے کے بعد کے مناظر—فوٹو: رائٹرز

ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائیوں کے دوران تل ابیب میں موساد کے ہیڈ کوارٹر  پر حملہ کردیا۔

ایران کے حملے کے بعد موساد کے ہیڈکوارٹر میں آگ بھرک اٹھی جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے گہرے بادل اُٹھتے دیکھے گئے۔

اس حملے سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا،  ایرانی سرکاری ٹی وی پر  نشر کردہ بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ہم نے صہیونی حکومت کی فوج کے انٹیلیجنس مرکز  اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے موساد کے مرکز پر حملہ کیا۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں موساد کے ہیڈ کوارٹر کے علاوہ  فوجی انٹیلیجنس ادارے امان کے مراکز کو  بھی براہ راست نشانہ بنایا گیا۔

 ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیل  کے خلاف  ایک نئی اور  پہلے سے زیادہ طاقتور  لہر کا آغاز ہو چکا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری تسنیم نیوز  ایجنسی کے مطابق ایران کے جوابی حملوں میں شدت آنے کے بعد اسرائیل کے صدر نے زیر زمین شیلٹر میں پناہ لے لی۔

یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ رات تل ابیب اور حیفہ پر میزائل و ڈرونز سے جوابی حملہ کیا تھا، ایرانی حملےکے بعد حیفہ ریفائنری کی پیداوار مکمل رک گئی جبکہ حملے میں 3 ملازمین ہلاک ہوئے،  اس حملے کے بعد پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ ہم دشمن کو ایک لمحے کے لیے بھی امن میسر  نہیں ہونے دیں گے۔


مزید خبریں :