Geo News
Geo News

Time 18 جون ، 2025
دنیا

ایران نے اسرائیل پر ہائپر سونک میزائل داغ دیے

ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کی دسویں لہر کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق 20 میزائلوں سے حملہ ہوا ہے، اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ کا الرٹ جاری کر دیا گیا اور مختلف علاقوں میں سائرن گونجنے لگے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ تل ابیب، یروشلم اور شیرون میں میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں جہاں دھماکے سنے گئے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان نے قرآن مجید کی سورہ البقرہ کی آیت سے اپنے بیان کا آغاز کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اگر کوئی تم پر حملہ کرے تو اسی انداز سے جواب دو۔

ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اسرائیل پر حملے میں ہائپرسونک فتح ون میزائلوں سے حملہ کیا گیا، ایرانی افواج نے مقبوضہ علاقوں کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ  ایران کی جانب سے اسرائیلی حکومت کے وہ فضائی اڈے نشانہ بنائے گئے جو ایرانی شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے بتدریج جاری رہیں گے۔

اس سے قبل ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے خلاف عنقریب بڑی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے اسرائیلیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جان بچاتے ہوئے فوراً حیفا اور تل ابیب چھوڑ دیں۔