Time 18 جون ، 2025
دنیا

ٹرمپ، مودی رابطہ: بھارتی وزیراعظم نے پاک بھارت تنازع پر امریکی ثالثی ماننے سے انکار کردیا، بھارت کا دعویٰ

ٹرمپ، مودی رابطہ: بھارتی وزیراعظم نے پاک بھارت تنازع پر امریکی ثالثی ماننے سے انکار کردیا، بھارت کا دعویٰ
نریندر مودی نے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ٹرمپ کو کہا کہ آپریشن سندور تاحال جاری ہے: بھارتی سیکریٹری خارجہ/ فائل فوٹو

امریکی صدرڈونلڈٹرمپ اوربھارتی وزیراعظم مودی کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ 35 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو کی۔ 

بھارتی سیکریٹری خارجہ کے مطابق مودی نےٹرمپ کو کہا پاکستان سےتنازع پربھارت تیسرےفریق کی ثالثی قبول نہ کرتاہے اور نہ کرےگا۔ 

وکرم مسری کے مطابق نریندر مودی نے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ٹرمپ کو کہا کہ آپریشن سندور تاحال جاری ہے۔ 

پاک بھارت جنگ

واضح رہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیا تھا جس میں بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ائیربیسز اور کئی ائیرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کیا۔

10 مئی کی سہ پہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے جب کہ امریکی صدر کی ٹوئٹ کے بعد بھارتی سیکریٹری خارجہ نے سیز فائر کا اعلان کیا۔

تاہم امریکی صدر متعدد بار یہ بات دہرا چکے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع ان کی مداخلت سے ختم ہوا اور دونوں ممالک سیزا فائر پر آمادہ ہوئے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے سربراہان حکومت سے کہا کہ وہ ایک دوسرے پر گولیاں برسائیں گے تو ان سے تجارت نہیں کی جائے گی۔

تاہم بھارتی حکام ٹرمپ کے اس دعوے کی مسلسل تردید کرتے آئے ہیں کہ پاک بھارت سیز فائر میں ان کا کردار تھا۔


مزید خبریں :