18 جون ، 2025
تہران: امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی قیادت کی جانب سے قتل کی پےدرپے دھمکیوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سخت بیان جاری کردیا۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران دہشتگرد صیہونی ریاست کے خلاف بھرپور طاقت سے کارروائی کرے گا اور صیہونیوں سے بے رحمی برتی جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایران سے مکمل سرینڈر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں مذاکرات میں دلچسپی نہیں، وہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کا حقیقی خاتمہ چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کو دھمکاتے ہوئے پیغام دیا تھا کہ انہیں علم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کہاں ہیں، وہ آسان ہدف ہیں لیکن ہم ابھی انہیں قتل نہیں کررہے۔
اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا جسے امریکی صدر نے ویٹو کردیا۔