Time 19 جون ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ ایک ٹیسٹ کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا

اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ ایک ٹیسٹ کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا
کمپنی کی جانب سے راکٹ پھٹنے کی وجہ واضح نہیں کی گئی / اسکرین شاٹ

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو اس وقت بہت بڑے دھچکے کا سامنا ہوا جب اس کا اسٹار شپ راکٹ اسٹیٹک فائر ٹیسٹ کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا۔

یہ ٹیسٹ امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے Boca Chica کی اسٹار بیس میں کیا گیا تھا۔

اسٹار شپ اپنی جگہ پر کھڑا تھا اور لائیو اسٹریم کے دوران وہ زور دار دھماکے کے ساتھ آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔

اسٹار شپ کے پھٹنے کے بعد اس بات کا امکان گھٹ گیا ہے کہ اسے رواں ماہ کے دوران خلا میں لانچ کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اسٹار شپ راکٹ پھٹنے سے کوئی فرد زخمی نہیں ہوا جبکہ اردگرد کے رہائشی علاقوں کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

اسپیس ایکس کی جانب سے بیان میں بتایا گیا کہ یہ دھماکا ایک خامی کی وجہ سے ہوا، مگر وجہ پر روشنی نہیں ڈالی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ہماری ٹیم ٹیسٹ ایریا کو محفوظ رکھنے کے لیے متحرک ہے۔

دوسری جانب ماہرین کے خیال میں ایسا فیول ٹیک سے ایندھن لیک ہونے کی وجہ سے ہوا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب اسٹار شپ اس طرح تباہ ہوا ہے۔

اس سے قبل اسٹار شپ راکٹ کی 9 آزمائشی پروازیں ناکام ہوچکی ہیں اور ہر بار یہ کسی نہ کسی وجہ سے دوران پرواز پھٹ گیا اور اب تک یہ کوئی پرواز کامیابی سے مکمل نہیں کرسکا۔

اس کی 10 ویں آزمائشی پرواز جون میں متوقع تھی مگر اب بظاہر ایسا ممکن نظر نہیں آتا۔

اسٹار شپ کی مسلسل ناکامیاں ایلون مسک کی کمپنی کے لیے بڑا دھچکا ہے جو رواں برس خلائی پروگرام کو تیز کرنا چاہتی ہے۔

اسٹار شپ کو دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ لانچ قرار دیا جاتا ہے جو 2 حصوں پر مشتمل ہے جس میں سے ایک سپر ہیوی بوسٹر ہے، جو ایسا بڑا راکٹ ہے جس میں 33 انجن موجود ہیں جبکہ دوسرا اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر کے اوپر موجود ہے جو اس سے الگ ہو جاتا ہے۔

یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے اور اسے بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اسپیس ایکس پہلے ہی امریکی خلائی ادارے ناسا سے معاہدہ کر چکی ہے جس کے تحت اسٹار شپ کے ذریعے دہائیوں بعد پہلی بار انسانوں کو چاند پر پہنچایا جائے گا۔

ناسا کی جانب سے آرٹیمس 3 مشن کے تحت انسانوں کو چاند کی سطح پر اتارا جائے گا اور یہ کام اسٹار شپ کی مدد سے ہوگا۔