15 مارچ ، 2013
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی پانچ سالہ پارلیمانی کارروائی سے متعلق رپورٹ مین کہا گیا ہے کہ 23 ارکان نے کبھی لب کشائی نہیں کی۔ ان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے آٹھ آٹھ جبکہ مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی کے دو دو ارکان شامل ہیں۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی پانچ خواتین اور 18 مرد ارکان نے کبھی ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔ ان میں پیپلزپارٹی کے چودھری افتخار نذیر، چودھری تصدق مسعود ، چودھری زاہد اقبال ، مرحومہ مہرالنساء آفریدی ، محمد طارق تارڑ،خدیجہ عامر ،رخسانہ بنگش اور مرحوم تاج محمد جمالی بھی شامل ہیں۔اے این پی کے ارباب محمد زاہد اور استقبال خان جب کہ نیشنل پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ خان جتوئی بھی پانچ سال خاموش رہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ق کے عاصم نذیر،حامد یار ہراج، سمیرا ملک، تنزیلا عامر چیمہ ، صاحبزادہ محبوب سلطان، سردار محمد جعفر خان لغاری،احسان اللہ ریکی، سردار فاروق لغاری مرحوم بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے پانچ سالہ پارلیمانی کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔ مسلم لیگ ن کے محمد سلمان محسن گیلانی اور رانا زاہد حسین ،مسلم لیگ فنکشنل کے پیر سید صدر الدین شاہ راشدی اور آزاد رکن علی محمد خان نے بھی کبھی لب کشائی نہیں کی۔