Time 20 جون ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

آپ کا فیس بک اکاؤنٹ اب پہلے سے بہت زیادہ محفوظ

آپ کا فیس بک اکاؤنٹ اب پہلے سے بہت زیادہ محفوظ
کمپنی کی جانب سے اس نئے فیچر کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو

فیس بک دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جس کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہے۔

فیس بک صارفین کے اکاؤنٹس اکثر ہیک ہو جاتے ہیں مگر اب میٹا کی جانب سے اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو زیادہ محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

اس مقصد کے لیے موبائل ڈیوائسز پر فیس بک ایپ کے لیے پاس کیز (passkeys) سپورٹ متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ اکاؤنٹ ہیک ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جائے۔

پاس کیز بنیادی طور پر ڈیجیٹل کیز ہیں جو زیادہ محفوظ ہوتی ہیں کیونکہ یہ کسی ویب سرور پر اسٹور نہیں ہوتیں۔

طویل پاس ورڈ کی بجائے یہ ٹیکنالوجی 4 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ یا بائیو میٹرک تفصیلات کو لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

تو بہت جلد فیس بک پر لاگ ان ہونے کے لیے پاس ورڈ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ فنگر پرنٹ، چہرے یا پن کوڈ کے ذریعے آپ اکاؤنٹ میں سائن ان ہوسکیں گے۔

پاس کیز سے لاگ ان ہونے کا عمل پاس ورڈز کے مقابلے زیادہ تیز اور آسان ہوتا ہے۔

میٹا کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں فیس بک کے لیے پاس کیز سپورٹ بہت جلد دستیاب ہوگی جبکہ فیس بک میسنجر کے لیے بھی پاس کیز سپورٹ آئندہ چند ماہ میں متعارف کرائی جائے گی۔

میٹا کی میسجنگ سروس واٹس ایپ میں پاس کیز سپورٹ 2023 کے آخر سے دستیاب ہے اور اب جاکر فیس بک صارفین کے لیے اسے پیش کیا جا رہا ہے۔

البتہ پاس کیز ٹیکنالوجی کا ایک مسئلہ ہے کہ اگر آپ کا وہ موبائل گم ہو جائے جس میں پاس کی اسٹور ہے تو پھر اکاؤنٹ پر دوبارہ لاگ ان ہونے کے لیے کافی جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔

میٹا کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ میٹا پے میں ادائیگیوں کی تصدیق کے لیے بھی پاس کیز کو استعمال کیا جاسکے گا۔

جب بھی یہ فیچر دستیاب ہوگا تو اسے استعمال کرنے کا طریقہ بھی کافی آسان ہے۔

فیس بک ایپ میں سیٹنگز مینیو میں جاکر اکاؤنٹس سینٹر پر کلک کریں۔

وہاں پاس ورڈ اینڈ سکیورٹی کے سیکشن میں پاس کی آپشن موجود ہوگا۔

مزید خبریں :