Time 20 جون ، 2025
دنیا

اسرائیلی فوج کی ایک بار پھر امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ، 35 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی ایک بار  پھر امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ، 35 فلسطینی شہید
امداد کے منتظر فلسطینی—فوٹو: فائل

غزہ میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی تھم نہ سکی، صہیونی فوج نے آج پھر امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 35 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا نے فلسطینی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے میں نتساریم راہداری کے قریب امداد کے منتظر فلسطینیوں پر  فائرنگ کردی۔

صہیونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ہاتھوں میں برتن پکڑے کئی روز سے بھوک کا شکار  فلسطینی زندگی گنوا بیٹھے۔

 اس کے علاوہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے علاقے دیرالبلاح میں ایک گھرکو  بھی نشانہ بنایا جس کے باعث 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آج مجموعی طور پر 50 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف  کے ترجمان نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ  غزہ کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے کیوں کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کے باعث پانی کی فراہمی کا نظام تباہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ یونیسیف نے غزہ میں غذائی قلت کے شکار  فلسطینی بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے سے بھی خبردار کیاہے۔

یونیسیف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے خوراک اور ادویات دستیاب نہیں، اسرائیلی حملوں کی وجہ سے پانی، صحت اور صفائی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔


مزید خبریں :