Time 20 جون ، 2025
دنیا

دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اپنی شادی پر کتنا خرچہ کرنے والے ہیں؟

دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اپنی شادی پر کتنا خرچہ کرنے والے ہیں؟
جیف بیزوز اور لورین سانچز / رائٹرز فوٹو

ایمازون کے بانی اور دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص جیف بیزوز اگلے ہفتے دوسری شادی کر رہے ہیں۔

اب برطانوی روزنامے ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ جیف بیزوز لورین سانچز کے ساتھ شادی پر ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالرز (ساڑھے 4 ارب پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کریں گے۔

جیف بیزوز اور لورین سانچز کی منگنی 2023 میں ہوئی تھی اور شادی اٹلی کے شہر وینس میں جون کے آخری ہفتے میں ہوگی۔

وینس کے رہائشی اس شادی کے خلاف ہیں اور ان کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بیزوز کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ہم یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ لوگ ہیں جو اس صدیوں پرانے شہر کو تباہ کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق اس شادی کی میزبانی سے عندیہ ملتا ہے کہ وینس کی روح کو سیاحت کے نام پر فروخت کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی افراد کو گھروں کی کمی، مہنگائی، بنیادی سہولیات کی کمی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

61 سالہ جیف بیزوز شادی کے لیے اگلے ہفتے وینس پہنچیں گے اور وہ بھی دنیا کی سب سے بڑی یاٹ پر، جس کی تیاری پر انہوں نے 50 کروڑ ڈالرز خرچ کیے تھے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق جیف بیزوز اور لورین سانچز کی شادی کی تقریبات کا آغاز 24 جون کو ہوگا۔

بل گیٹس، ایلون مسک اور مارک زکربرگ سمیت ہالی وڈ کے متعدد فنکار اور دیگر اہم شخصیات کی جانب سے شادی میں شرکت کیے جانے کا امکان ہے۔

شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے وینس کے ہوٹلوں کے سب سے مہنگے کمرے بک کرالیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریبات کا انعقاد وینس کے قلب میں واقع تاریخی عمارت Palazzo Pisani Moretta سمیت ہوٹل Excelsior اور دیگر عمارات میں کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شادی کے لیے 10 لاکھ ڈالرز پھولوں اور عمارات کو سجانے کے لیے خرچ کیے جائیں گے، 30 لاکھ ڈالرز شادی کا انتظام کرنے والوں کے پاس جائیں گے۔

اسی طرح 20 لاکھ ڈالرز عمارات کو شادی کے لیے حاصل کرنے کے لیے خرچ کیے جا رہے ہیں ، 10 لاکھ ڈالرز کھانے کے انتظام جبکہ 15 لاکھ ڈالرز سے دلہن کا لباس خریدا جائے گا۔

جیف بیزوز کی یاٹ کے لنگر انداز ہونے کی فیس اور مہمانوں کے لیے پرتعیش تحائف خریدنے کے لیے بھی لاکھوں ڈالرز خرچ کیے جائیں گے۔

مہمانوں کے ہوٹلوں کے قیام پر 20 لاکھ ڈالرز خرچ کیے جانے کا امکان ہے۔

دلہن سمیت دیگر خواتین مہمانوں کی ہیئر اسٹائلنگ اور میک اپ پر بھی لاکھوں ڈالرز خرچ ہوں گے۔

خیال رہے کہ جیف بیزوز نے پہلی شادی 1993 میں میکنزی اسکاٹ سے کی تھی اور 25 سال بعد 2019 میں دونوں ایک دوسرے الگ ہوگئے تھے۔

اس طلاق کے بعد جیف بیزوز نے میکنزی اسکاٹ کو 35 ارب ڈالرز ادا کیے تھے۔

مزید خبریں :