Time 22 جون ، 2025
دلچسپ و عجیب

برج الخلیفہ سے بھی دوگنا زیادہ بلند عمارت کہاں تعمیر کی جائے گی؟

برج الخلیفہ سے بھی دوگنا زیادہ بلند عمارت کہاں تعمیر کی جائے گی؟
یہ اس عمارت کا تصوراتی خاکہ ہے / فوٹو بشکریہ North Pole Project Rise Tower

دبئی میں موجود برج الخلیفہ 2010 سے دنیا کی بلند ترین عمارت ہے، مگر بہت جلد یہ ریکارڈ اس سے چھن جائے گا۔

ایسا اس وقت ہوگا جب سعودی عرب میں جدہ ٹاور کی تعمیر آئندہ چند برسوں میں مکمل ہو جائے گی۔

کئی برس کی تاخیر کے بعد دنیا کی پہلی ایک کلومیٹر بلند عمارت کی تعمیر کچھ عرصے پہلے دوبارہ شروع ہوئی تھی۔

مگر اس سے ہٹ کر بھی سعودی عرب میں دنیا کی پہلی 2 کلومیٹر بلند عمارت تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

6562 فٹ بلند یہ عمارت برج الخلیفہ سے دوگنا سے بھی زیادہ بلند ہوگی۔

امریکی جریدے نیوزویک کی ایک رپورٹ کے مطابق رائز ٹاور نامی اس عمارت کی تعمیر کے لیے گزشتہ دنوں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے بولی کا عمل شروع کیا تھا۔

یہ منصوبہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 میں شامل پراجیکٹس کا حصہ ہے۔

اس عمارت کی تعمیر شمالی ریاض کے ایک نئے ضلع نارتھ پول میں کی جائے گی۔

جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ یہ برج الخلیفہ (2717 فٹ) سے زیادہ بلند ہوگی بلکہ جدہ ٹاور (3281 فٹ) سے بھی دوگنا زیادہ بلند ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے حال ہی میں نارتھ پول ڈسٹرکٹ بشمول رائز ٹاور کی تعمیر کے لیے بولیاں طلب کی تھیں۔

اس ٹاور کو ایک برطانوی اسٹوڈیو فوسٹر اینڈ پارٹنرز نے ڈیزائن کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ تو واضح نہیں کہ اس عمارت کی تعمیر پر کتنا خرچہ ہوگا مگر ایک اندازے کے مطابق 5 ارب ڈالرز خرچ ہوسکتے ہیں جس میں مستقبل میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

ابھی یہ بھی معلوم نہیں کہ اس عمارت کی تعمیر کب شروع ہوگی اور کب اسے مکمل کیا جائے گا کیونکہ ابھی تک کسی تعمیراتی کمپنی کی خدمات حاصل نہیں کی گئیں۔

مگر چونکہ یہ ویژن 2030 پراجیکٹس کا حصہ ہے تو ممکنہ طور پر اسے رواں دہائی کے آخر تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مزید خبریں :