22 جون ، 2025
ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے وابستہ ہیکرز امریکی نیٹ ورکس پر سائبر حملے کرسکتے ہیں۔
اس حوالے سے امریکا کے محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے نیشنل ٹیررازم ایڈوائزری سسٹم نے تھریٹ الرٹ بھی جاری کردیا۔
تھریٹ الرٹ میں کسی مخصوص دھمکی کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن محکمے کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایرانی ہیکرز کی طرف سے امریکی نیٹ ورکس پر ہلکی سطح کے سائبر حملے ہوسکتے ہیں۔
محکمے نے الرٹ میں بتایا کہ ایرانی حکومت سے منسلک سائبر گروپس بھی امریکا کے خلاف کارروائیاں کرسکتے ہیں۔
امریکی حکام کی جانب سے جاری الرٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی قیادت اُن امریکی حکام کو بھی سائبر حملوں کا نشانہ بناسکتی ہے جنہیں وہ 2020 میں ایک اعلیٰ ایرانی فوجی کمانڈر کی ہلاکت کا ذمہ دار سمجتی ہے۔
ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق امریکی سکیورٹی ادارے تمام تر صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔