23 جون ، 2025
ماسکو: روس کی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدیدوف نے کہا ہے کہ امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا۔
ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر بیان جاری کرتے ہوئے روس کی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا البتہ کچھ معمولی نقصانات ہوئے ہیں۔
میدیدوف نے کہا کہ امریکی حملے کے بعد بھی ایران میں یورینیئم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا بلکہ اس وقت بہت سارے ملک ایران کو براہ راست اپنے جوہری وارہیڈز دینے کے لیے تیار ہیں۔
روسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایران کا نظام حکومت نہ صرف محفوظ رہا ہے بلکہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہوچکا، جو لوگ پہلے سپریم لیڈر کے مخالف تھے آج وہ بھی ان کی حمایت میں ریلیاں کررہے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سکیورٹی کونسل نے مزید کہا کہ اسرائیل اب بھی حملوں کی زد میں ہے اور اسرائیلی شہر دھماکوں سے لرز رہے ہیں جب کہ وہاں لوگ خوف اور بدحواسی کا شکار ہیں۔
میدیدوف کا کہنا تھا کہ امریکا ایک نئی جنگ میں گھسیٹا جاچکا،اور اب زمینی جنگ کا خطرہ منڈلارہا ہے، ٹرمپ جسے پریزیڈنٹ آف پیس کہا گیا اب امریکا کو ایک نئی جنگ میں دھکیل چکے، ٹرمپ اب دھاندلی زدہ نوبل امن انعام کو بھی بھول جائیں۔