24 جون ، 2025
واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملک بدری کی پالیسی کے حق میں فیصلہ سُنا دیا۔
امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کو غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کی اجازت دے دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی ہے۔
گزشتہ ماہ امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کو پناہ گزینوں کی ملک بدری دوبارہ شروع کرنے سے روک دیا تھا، ٹرمپ انتظامیہ نے 5 لاکھ سے زائد تارکین وطن کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑنے کے لیے 24 اپریل تک کا وقت دیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی تاریخ کی ملک بدری کی سب سے بڑی مہم چلانے اور خاص طور پر لاطینی امریکی ممالک سے آنے والے تارکین وطن پر قابو پانے کاعزم ظاہر کیا تھا۔
تاہم امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کو ’ایلین اینیمیز ایکٹ‘ کے تحت تارکین وطن کو ملک بدرکرنے سے روکا تھا۔
اس فیصلے کے بعد امریکی صدرٹرمپ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جج مجھے وہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہے جس کے لیے عوام نے مجھے منتخب کیا۔