Time 24 جون ، 2025
انٹرٹینمنٹ

’سردار جی 3‘ میں ہانیہ کو شامل کرنے پر بھارت تلملا اٹھا، فلم ورکرز یونین دلجیت کے پیچھے پڑگئی

’سردار جی 3‘ میں ہانیہ کو شامل کرنے پر بھارت تلملا اٹھا، فلم ورکرز یونین دلجیت کے پیچھے پڑگئی
دلجیت دوسانجھ نے کچھ روز قبل اپنی نئی فلم سردار جی 3 کا ٹریلر جاری کیا جس نے بھارت میں واویلا مچادیا—فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کے عالمی شہرت یافتہ گلوگار  و اداکاردلجیت دوسانجھ کی پاکستانی اسٹار ہانیہ عامر کے ہمراہ فلم پر بھارت میں تنازع کھڑا ہوگیا۔

دلجیت دوسانجھ نے ایک روز قبل اپنی نئی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر جاری کیا جس نے بھارت میں واویلا مچادیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم ورکرز یونین فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (FWICE) نے فلم کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے جب کہ فلم کے ٹریلر کو بھی بھارت میں یوٹیوب پر بلاک کردیا گیا۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں بھارتی فلم ورکرز یونین FWICE نے دلجیت دوسانجھ اور ان کے تمام آئندہ منصوبوں پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ اس کے ساتھ ہی فلم کے پروڈیوسرز پر بھی پابندی کی اپیل کی ہے۔

FWICE کے صدر بی این تیواری نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ دلجیت دوسانجھ نے ایک پاکستانی اداکارہ کے ساتھ کام کرکے بھارتی عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، انہوں نے ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کی توہین کی ہے، ایسے وقت میں جب ملک حساس حالات سے گزر رہا ہے، ان کا پاکستانی فنکار کو ترجیح دینا ان کی وفاداری پر سوال کھڑے کرتا ہے۔

بی این تیواری کا کہنا تھا کہ  اگر فلم کہیں بھی ریلیز ہوئی تو ہم عدم تعاون کی ہدایت جاری کریں گے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دلجیت دوسانجھ کو ہندوستان کے کسی بھی حصے میں کام (فلمیں یا کانسرٹ) نہیں ملے۔

’فلم سردار جی 3‘ کی ٹیم نے بھارت میں ممکنہ مخالفت اور احتجاج کے خدشے کے پیش نظر فلم کو صرف اوورسیز میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سردار جی 3 ایک کامیڈی، فینٹسی اور ہارر سے بھرپور فلم ہے، اس میں دلجیت دوسانجھ کو ایک ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھوتوں کا پیچھا کرتا ہے۔

سردار جی 3 کو دنیا بھر میں 27 جون 2025 کو ریلیز کیا جا رہا ے، تاہم بھارت میں اس کی ریلیز نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکام نے متعدد پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگادی تھی۔

مزید خبریں :