24 جون ، 2025
تل ابیب: اسرائیل نے ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کردیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ بندی نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا ہے تاہم میزائل کو اسرائیلی دفاعی نظام نے مار گرایا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد عوام کو اگلے نوٹس تک محفوظ مقام پرجانےکی ہدایات کردی گئی ہیں جب کہ دفاعی نظام خطرےسےنمٹنےکےلیے فعال ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتےہوئے کہا کہ فوج کو ایران پر حملے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ بندی خلاف ورزی کے اسرائیلی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اسرائیل پر میزائل حملےکی خبر جھوٹی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا جس کی تصدیق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نے بھی کی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے فریقین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔