02 مارچ ، 2012
کراچی … سندھ بھر میں 16 مارچ سے سی این جی اسٹیشن کیلئے گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کئے جانے کا امکان ہے جبکہ صنعتوں، کارخانوں، بجلی گھروں اور کھاد کارخانوں کیلئے گیس کی سپلائی بہتر ہوسکتی ہے۔ وزارت تیل و گیس کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ 16 مارچ سے سندھ میں پورے ہفتے سی این جی کو گیس دینے پرغور کیا جا رہا ہے۔ پنجاب بھر میں سی این جی کی ہفتہ وار بندش تین کی بجائے 2 دن کیے جانے کا امکان ہے۔ 15 مارچ کو گیس لوڈ مینجمنٹ ازسر نو متعین کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، صنعتوں اور بجلی گھروں کیلئے گیس کی سپلائی بہتر ہوجائے گی۔ ذرائع کے مطابق کھاد کارخانوں کو گیس کی فراہمی بہتر ہوجائے گی۔ سیکریٹری پیٹرولیم اعجاز چوہدری نے اسلام آباد میں جیو نیوز کو بتایا کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کا حالیہ پروگرام 15 مارچ کے بعد از سر نو متعین کیا جائے گا، سردی کی شدت میں کمی کی وجہ سے گیس کی فراہمی بہتر ہونے کا امکان ہے۔