Geo News
Geo News

پاکستان
17 مارچ ، 2013

4اپریل کو شہید بھٹو کی 34ویں برسی منائی جائے گی،پی پی ایگزیکٹو کمیٹی

 4اپریل کو شہید بھٹو کی 34ویں برسی منائی جائے گی،پی پی ایگزیکٹو کمیٹی

کراچی …پیپلز پارٹی سندھ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 4اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 34ویں برسی نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جائے گی اورگڑھی خدابخش میں ہونے والے جلسے سے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ سندھ کی ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ہوا۔ اجلاس میں4اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 34ویں برسی کے انتظامات اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ 4اپریل کو شہید بھٹو کی 34ویں برسی نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر گڑھی خدابخش میں 3اور 4اپریل کی درمیانی شب ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا، جس سے پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر پاکستان آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنڈال کے اطراف میں ملک کے تمام ڈویژن اور اضلاع کے استقبالیہ کیمپ قائم کئے جائیں گے۔ برسی کی تقریبات کا آغاز3اپریل کو رات 10بجے تلاوت کلام پاک سے شروع ہوگا، نعت خوانی اور مشاعرہ کے بعد رات 12بجے جلسہ عام کا آغاز ہوگا۔ رات 2.10منٹ پر جوکہ شہید بھٹوکا وقت شہادت تھا، 2منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

مزید خبریں :