19 مارچ ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن نے نگران وزیر اعظم کی تقرری کیلئے کسی بھی عالمی مالیاتی ادارے سے وابستہ رہنے والی شخصیت کی مخالفت کا فیصلہ کر لیا ہے،مسلم لیگ ن کے معتبر ذرائع نے جیونیو ز کے نمائندے محمد عاصم نصیر کو بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن نے یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ہے،نگران وزیر اعظم کیلئے کسی بھی مالیاتی عالمی ادارے سے وابستہ رہنے والی شخصیت کو قبول نہیں کیا جائے گا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی عالمی مالیاتی ادارے کے فرد کی بطور نگران وزیر اعظم تعیناتی سے یہ تاثر آئے گا کہ وہ الیکشن کیلئے نہیں بلکہ کسی معاشی پالیسی کیلئے آیا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ نگران سیٹ اپ محض گھنٹوں کا معاملہ ہے ،اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم کے مابین اتفاق نہ ہوا تو نگران وزیر اعظم کا فیصلہ کمیٹی میں بھی مشکل ہو گا اور بال الیکشن کمیشن کے کورٹ میں چلی جائے گی، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے حتمی نام آخری لمحات پر سامنے لائے جانے کا امکان ہے۔