20 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں سیاسی جماعت کے عہدیدار اور غیر ملکی تاجر سمیت 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی گلشن اقبال ملک ظفر اقبال کے مطابق گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں کار بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے فرحان خلیل کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حسین ہزار گوٹھ میں ادا کی جارہی تھی کہ اس دوران 2 گروپوں میں تلخ کلامی اور پھر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے جبکہ نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔ گولیمار میں فائرنگ سے ایک شخص عمران نقوی جاں بحق ہوگیا۔ سرجانی ٹاوٴن میں بھی فائرنگ کر کے خالد شاہ نامی شخص کو قتل کردیا گیا جس کا تعلق مذہبی جماعت سے تھا۔ دیگر واقعات میں 5 افراد قتل کردیئے گئے۔