21 مارچ ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم فہیم انصاری کو اشتہاری قرار دینے اور گرفتار ملزمان کی آواز کے نمونے حاصل کرنے کے لیے ایف آئی اے کی درخواستوں پر تمام ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی جس میں ممبئی حملہ کیس کے ملزم فہیم انصاری کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے درخواست پر تمام ملزمان کو پری ایڈمشن نوٹسز جاری کر دیے۔ ایف آئی اے کی دوسری درخواست میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے ملزمان کی گفتگو پر مشتمل سی ڈیز بھجوائی ہیں جن سے موازنے کے لیے گرفتار ملزمان کی آوازوں کے نمونے درکار ہیں ، جس پر عدالت نے تمام ملزمان کو نوٹس جا ری کر دیے۔ اس سے پہلے ٹرائل کورٹ یہ درخواست مسترد کر چکی ہے۔