22 مارچ ، 2013
دبئی … سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے اتوار 24 مارچ کو پاکستان واپسی کی تصدیق کردی ہے۔ دبئی میں غیرملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ انہیں 200 فیصد یقین ہے کہ وہ اتوار 24 مارچ کو پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان واپس پہنچ کر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ پاکستان میں جان کو لاحق کسی بھی خطرے سے نبٹنے کیلئے وہ تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان واپسی پر انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے سے پہلے ہی انہوں نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا تھا۔ انہوں نے 4 حلقوں سے انتخاب لڑنے کا عندیہ دیا،تاہم ان کا کہناتھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان کی جماعت کتنی سیٹیں جیت سکے گی۔ پرویز مشرف نے کہا کہ انہیں انداز ہے کہ ان کی جماعت کا ووٹ بینک کمزور ہے، تاہم تبدیلی کا نعرہ لگانے والی جماعتوں کے ساتھ اتحادہونے کی راہیں کھلی ہیں۔