Geo News
Geo News

پاکستان
23 مارچ ، 2013

یوم پاکستان پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام

یوم پاکستان پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام

کراچی … یوم پاکستان پر ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، پاک فوج نے اس عزم کو دوہرایا کہ خون کے آخری قطرے تک پاک سرزمین کی حفاظت کی جائے گی۔ گلگت میں یوم پاکستان کا آغاز سٹی پارک میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اسکردو میں یادگار شہدا اور چلاس میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج میں یوم پاکستان کی مرکزی تقاریب ہوئیں۔ چمن بارڈر پر پاک فوج نے افغان فوجیوں کو مٹھائی کا تحفہ دیا، اس موقع پر ثقافتی شو بھی ہوا۔ قبائلی عمائدین نے باب ِ دوستی سے امن ریلی نکالی۔ کوہاٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، کمپنی باغ سے موٹرسائیکل امن ریلی نکالی گئی۔ یوم پاکستان پر جنوبی وزیرستان میں بھی تقریب ہوئی، محسود قبائل کے عمائدین، طلبہ، پاک فوج کے جوانوں اور افسروں سب نے مل کر قبائلی رقص کیا۔ بہاولپور میں پولیس کے دستے نے یادگارِ شہدا پر سلامی دی۔ پاک فوج کے جوانوں نے چولستان کے صحرا میں جدید ٹینکوں کے ساتھ مشقیں کیں۔ حیدر آباد میں ایک اسکول کے طلبہ نے 1600 مربع میٹر کپڑا استعمال کرکے پاکستان کا پرچم تیار کیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ سب سے بڑا قومی پرچم ہے۔ یوم پاکستان پر آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی تقریب ہوئی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی اور خوش حالی کا ضامن ہے۔

مزید خبریں :