03 مارچ ، 2012
چارسدہ … چارسدہ کے علاقے شبقدر میں پیپلزپارٹی شیرپاوٴ کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاوٴ کی گاڑی کے قریب خودکش حملے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ سکندر شیرپاوٴ اور رکن صوبائی اسمبلی محمد علی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے، حملے کی ذمے داری کالعدم تحریک طالبان مہمندایجنسی نے قبول کرلی ہے۔ آفتاب احمد خان شیرپاوٴ بٹگرام میں جلسے کے بعد اپنی گاڑی میں واپس پشاور جارہے تھے کہ شبقدر کے علاقے کانگڑہ میں خودکش حملہ آور نے ان کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑادیا۔ایک پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ پولیس انسپکٹر جمشید نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دم توڑا۔ آفتاب شیرپاوٴ کے بیٹے سکندر شیرپاوٴ اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمدعلی سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ڈی سی او چارسدہ اجمل خان کے مطابق خودکش دھماکا شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کا ردعمل ہے۔ سینئر صوبائی وزیر بشیراحمد بلور کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے ، ایسے حملوں سے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے سکندر شیرپاوٴ اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمدعلی لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی نے دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔