28 مارچ ، 2013
سوات …پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حلقہ پی کے 83کے لئے پارلیمانی بورڈکے فیصلے کے بعد متعدد ناراض ارکان نے پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سوات میں تحریک انصاف کے ڈویژنل نائب صدر سعیدخان آف ڈھیرئی نے متعددکارکنوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ بعد میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے سعید خان نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے اس حلقہ کے لئے عظمت علی نامی شخص کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جو کسی بھی صورت منظورنہیں۔بورڈنے جو لسٹ ارسال کی تھی اس میں ان کا نام سرفہرست تھا مگر اس کے باوجود اعظم سواتی نے پرویزخٹک کو مدعی بناکر مذکورہ شخص کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا جو نظریاتی اوردیرینہ کارکنوں کی حق تلفی ہے۔انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حلقہ پی کے 83کی ٹکٹ پر نظرثانی کریں۔