04 مارچ ، 2012
کراچی....کراچی کے علاقے محمود آباد میں نوجوان لڑکی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والے دو ملزموں کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمود آباد کے علاقے میں 16 سالہ لڑکی کو اغوا کے بعد مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ لڑکی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنے کے بعد اْس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔ لڑکی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اغوا اور زیادتی کرنے والے ملزموں میں نعمان اور وکی شامل ہیں جو انہیں دھمکیاں دیتے رہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق نعمان ایک پولیس افسر کا بیٹا ہے۔بلوچ کالونی پولیس نے لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے ملزم نعمان کو گرفتار کر لیا ہے اور دوسرے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت روٴف صدیقی نے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کراچی میں لڑکی کے اغوا اور زیادتی کا واقعہ محمود آباد کے علاقے جونیجو ٹاوٴن میں پیش آیا۔ لڑکی کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے جسے اغوا کرکے ایک فلیٹ میں لے جاکر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ایم ایل او سول اسپتال ڈاکٹر نسیم قمر کا کہنا ہے زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے ۔سندھ کے وزیر صنعت و تجارت روٴف صدیقی نے متاثرہ لڑکی کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ وزیر صنعت و تجارت روٴف صدیقی نے کہا کہ کسی قسم کا دباوٴ برداشت نہ کیا جائے ۔