04 مارچ ، 2012
اسلام آباد … شمالی و بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد جاتے جاتے ایک بار پھر سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ اسکردو سمیت بلتستان ڈویژن میں صبح سے شروع ہونے والی شدید برف باری تا حال وقفے وقفے سے جاری ہے، استور اور غذر کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں، وادی کیل، شاردا اور لیپا سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ اٹھ مقام، باغ، ہٹیاں بالا اور مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ایبٹ آباد، ہری پور، حویلیاں اور نتھیاگلی سمیت ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں صبح سے شروع ہونے والی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں بھی بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، کالام، مالم جبہ، لوئر دیر اور لواری ٹاپ بھی وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ اور بنوں ڈویژن کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر مزید برف باری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ دیر ملک کا سرد ترین علاقہ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔