05 اپریل ، 2013
اسلام آباد … اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان بیت المال میں 4ریٹائرڈ فوجی افسران کی کنٹریکٹ پر تقرری میں توسیع کے خلاف درخواست پر وفاق، ایم ڈی بیت المال سمیت تمام متعلقہ افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 اپریل تک جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پاکستان بیت المال کے 2 ملازمین میاں فیصل محمود اور رانا شکیل احمد کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا تھا کہ بیت المال میں 4 سابق فوجی افسران کی کنٹریکٹ پر بھرتی اور بار بار توسیع قواعد اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔ درخواست گزاروں کا موٴقف ہے کہ ان کی ترقی بھی متاثر ہو رہی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ چاروں افسران کے کنٹریکٹ میں توسیع کے احکامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان عہدوں کی آسامیاں مشتہر کر کے بھرتی کے احکامات جاری کرے۔