Geo News
Geo News

کھیل
11 اپریل ، 2013

اعجاز بٹ کا دور ختم، ذکاء اشرف پی سی بی کو بہتر چلا رہے ہیں، شاہد آفریدی

اعجاز بٹ کا دور ختم، ذکاء اشرف پی سی بی کو بہتر چلا رہے ہیں، شاہد آفریدی

کراچی … پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ کو بیان بازی کرنے کے بجائے گھر میں بیٹھ کر آرام کرنا چاہئے، ذکاء اشرف بورڈ کو بہتر انداز میں چلارہے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہہ دیا کہ اعجاز بٹ کا دور ختم ہوگیا، اب ذکاء اشرف پاکستان کر کٹ بورڈ کے سربراہ ہیں اور وہ درست انداز میں بورڈ کے معاملات چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز بٹ کو فضول باتوں کے بجائے گھر میں بیٹھ کر آرام کرنا چاہئے کیونکہ موجودہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف معاملات کو بہتر انداز میں چلا رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز بٹ کے دور میں جو کچھ ہوا سب جانتے ہیں، سری لنکن ٹیم پر حملہ، کھلاڑیوں میں اختلافات، پاکستان سے کرکٹ چلی گئی ، ان کے دور میں سیریز جیتنے والے کپتانوں کو ہٹا دیا گیا، پلیئرز کو سپورٹ کرنا چاہئے، ان کو عزت دینی چاہئے۔ ورلڈ کپ 2015ء سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فٹنس بہتر ہے، اچھے لیول کی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ انجوائے نہیں کی اس لئے چھوڑ دی، اس وقت اپنے آپ کو بہت اچھا محسوس کررہا ہوں، 2015ء تک کھیلنا چاہتا ہوں، فٹ ہوا تو ورلڈ کپ بھی کھیلوں گا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پرفارمنس کے بغیر نہیں کھیلنا چاہتا، سلیکشن کمیٹی کو بھی چاہئے کہ مجھے منتخب نہ کرے۔

مزید خبریں :