12 اپریل ، 2013
کراچی …کراچی میں پولیس نے عباس ٹاوٴن دھماکے کے مرکزی ملزم کو3ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے 125کلودھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم امریکی قونصلیٹ ،نائن زیرواورعباسی اسپتال پرحملہ کرناچاہتاتھا۔ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سانحہ عباس ٹاوٴن کے مرکزی ملزم کانام گل اسلم عرف اسلم استاد ہے ،جو دھماکے کے بعد وزیرستان فرارہوگیاتھااور کراچی واپس آنے پر گرفتار کیا گیا،ملزم امریکی قونصلیٹ ،ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اورعباسی شہید اسپتال پر حملہ کرناچاہتاتھا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 125کلودھماکاخیزمواد،کلاشنکوف ،8ہینڈگرینیڈ اور3ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے ہیں ،انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کراچی کے بیشتردھماکوں میں ملوث ہیں جوحب سے دھماکاخیزمواد لے کر آتے تھے اور دہشت گردی کے لیے پختون آباداورمنگھوپیرمیں دھماکاخیزموادسے بھری گاڑیاں تیارکرتے تھے۔