14 اپریل ، 2013
کراچی…ملک میں تبدیلی کی ہوا چلنے کو ہے اور پاکستان کی سیاسی نئی تاریخ رقم ہونے کو ہے ، بھٹے پر کام کرنے والی مزدور خاتون” ویرو کولہی “نے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔حیدرآباد کی رہائشی ویرو کولہی کا کل اثاثہ دو بستر، 5 گدے ، ایک چولھا اور2 ہزار 8سو روپے۔ ”ویرو“ کے پاس سیاست میں آنے کیلئے کوئی پارٹی ٹکٹ نہیں،لیکن آس آسمان کو چھونے کی ہے۔ ویرو کا کہنا ہے کہ چونکہ وہ خود ایک بھٹہ مزدور رہ چکی ہے لہٰذااُسے خوب معلوم ہے کہ مزدوروں ، ہاریوں اور کسانوں کو کن مسائل کا سامنا ہے، اِسی لیے اُس نے انتخابات میں کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ مٹی اور بانس کے ایک کمرے کے گھر میں رہنے والی ویرو پڑھنا لکھنا نہیں جانتی ، لیکن 1990 میں جاگیرداروں کے چنگل سے فرار ہونے کے بعدسے اُس نے اپنے جیسے لوگوں کی مدد کا کام خوب کیا ہے۔ بہت سوں کو جبری محنت کے کام سے رہا بھی کرایا۔ کولہی نے سماجی روایات توڑتے ہوئے حیدرآباد کی عدالت میں صوبائی انتخابات کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ علاقے کے لوگوں کا کہناہے کہ وہ ویرو کو ہی ووٹ دیں گے۔کولہی جس حلقے سے انتخاب لڑنا چاہتی ہے، وہاں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار ہے۔ اسی حلقے کے ایک مزدورLakhi Bheel کا کہناہے کہ اس پر 99 ہزار روپے کا قرضہ ہے۔ جس پر مالک نے اس کی بیٹیاں اغوا کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ویرو اسی ماحول میں مزدوروں ، کسانوں ، ہاریوں کو اپنے حق کی آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔