پاکستان
19 اپریل ، 2013

لیاری کے چارہمدردوں کااغوااور قتل کھلی درندگی اوربربریت ہے، الطاف حسین

لیاری کے چارہمدردوں کااغوااور قتل کھلی درندگی اوربربریت ہے، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لیاری میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں لیاری سیکٹر یونٹ 32 کے کارکن خلیل احمد کے تین بھائیوں سمیت چارہمدردوں کے اغوااور وحشیانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی درندگی اوربربریت قراردیاہے اور کہاہے کہ کارکنوں اورہمدردوں کی مسلسل قتل وغارتگری کے ذریعے ایم کیوایم کوانتخابات کے جمہوری عمل سے دوررکھنے کی گھناوٴنی سازش کی جارہی ہے ۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ جمعہ کی صبح لیاری سیکٹر یونٹ 32 کے کارکن خلیل احمد کے بڑے بھائی شکیل احمد اور چچا زاد بھائی عبدالخالق ،اور نوید احمد رکشہ ڈرائیور ندیم کے ہمراہ ماڑی پور میڈیسن کمپنی میں گوشت سپلائی کرنے گئے تھے کہ درندہ صفت دہشت گردوں نے انہیں اغواء کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایااور سفاکی سے قتل کرکے انکی لاشیں شیرشاہ اور میوہ شاہ قبرستان میں پھینک دیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ کچھ روز سے ایک طرف تو کراچی کے مختلف علاقوں میں محاصرے کرکے سینکڑوں بے گناہوں کو گرفتارکیا جارہاہے، پرامن بستیوں میں عوام نے جرائم پیشہ افراد سے تحفظ کیلئے جو بیرئیرز لگائے تھے وہ تمام بیرئیرز توڑ دیئے گئے لیکن ایم کیوایم کے کارکنوں ،ہمدردوں ، پولیس اور دیگر شہریو ں کے اغوااور قتل میں ملوث لیاری گینگ وار کے درندہ صفت دہشت گردوں کے خلاف قطعی کوئی کارروائی نہیں کی گئی، آج بھی اردوبولنے والے سندھیوں کواغواء کرکے ان دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر لے جاکربے رحمی سے قتل کیا جارہا ہے ۔ عوام آج یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ پرامن مہاجر بستیوں میں حفاظتی بیرئیرز توڑدیئے گئے لیکن لیاری میں سفاک دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کیوں چھوڑ دیا گیا ہے ؟ اگر ان دہشت گردوں کے خلاف سچائی اور ایمانداری سے کوئی ایکشن لیا گیا ہوتا تو آج ایم کیوایم کے ان چار ہمدردوں سمیت وہ درجنوں کارکن اور ہمدرد حیات ہوتے جنہیں ان دہشت گردوں نے اغواء کرکے بے رحمی سے قتل کیا ہے ،انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم کو انتخابات سے باہررکھنے کیلئے جوبھونڈا اسکرپٹ لکھا گیا ہے وہ انتہائی واضح ہے اور اسی اسکرپٹ کے تحت جرائم پیشہ افراد کے گینگز کو ایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوں کے قتل کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔ ہمارے بے گناہ کارکنوں اور ہمدردوں کی لاشیں گراکر عوام کے باربارمسترد کردہ عناصر کیلئے میدان صاف کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں لیکن میں بھی یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے جمہوری حق سے کسی قیمت پر دستبردار نہیں ہونگے، رنچھوڑلائن کے کارکن عامر شیخ، لیٹریچر کمیٹی کے رکن شیراز افسر،لیاقت آباد سیکٹر کے کارکن عارف اللہ،کورنگی سیکٹر کے کارکن محمد حسن، سعید خان ، محمودآبادسیکٹرکے جوائنٹ یونٹ انچارج محمدفیصل کو شہید کیاجاچکاہے جبکہ اس سے قبل حیدرآباد میں پختون امیدوار برائے صوبائی اسمبلی فخرالاسلام کوبھی دہشت گردوں نے بے رحمی سے شہید کردیا تھا۔الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری ،وزیراعظم میرہزارکھوسو اور دیگر سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کا فوری نوٹس لیاجائے ،سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور شہریوں کو بلاامتیاز جان ومال کا تحفظ فراہم کیاجائے ۔

مزید خبریں :