21 اپریل ، 2013
ٹنڈوالہ یار…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ الطاف حسین سندھ دھرتی کابیٹاہے اورسندھ کے حقوق کی خاطر وہ اپنی جان قربان کرنے کیلئے بھی تیارہے۔انہوں نے یہ بات اتوارکی شب ٹنڈوالہ یار زون پر عہدیداروں،کارکنوں اورنامزدحق پرست امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر عہدیداروں اورکارکنوں کاجوش وخروش قابل دیدتھا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے دشمنوں نے اردوبولنے والوں اورسندھی بولنے والوں کے درمیان تفریق پھیلانے کی بڑی کوششیں کیں لیکن لال شہباز اورشاہ لطیف دھرتی پر الله کاکرم ہے کہ وہ آج بھی ایک ہیں اورانکے ساتھ ساتھ حق پرست پنجابی،پختون،بلوچ،کشمیری حق پرستی کے پرچم تلے متحد ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹس کوکے حامیوں نے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کوکبھی زبان، کبھی فقہ اورکبھی مذہب کے نام پر لڑانے کی سازشیں کیں لیکن انکی سازشیں کامیاب نہیں ہوسکیں اورباشعورعوام اپنے حقوق کیلئے متحدہیں۔ الطاف حسین نے ٹنڈوالہ یار کے کارکنوں سے کہاکہ میں گزشتہ 21سال سے لندن میں جلاوطن ہوں،لیکن نہ آپ نے مجھے چھوڑا اورنہ میں نے آپ کوچھوڑا،یہ محبت اللہ تعالیٰ نے پیداکی ہے ۔انہوں نے کارکنوں سے کہاکہ وہ پرامن طریقے سے انتخابی مہم چلائیں اورکسی بھی مخالف کی جانب سے کوئی زیادتی ہوتو مشتعل ہونے کے بجائے صبروتحمل کامظاہرہ کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ صبرکرنے والوں کوپسندکرتاہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ٹنڈوالہ یار سے نامزدکئے جانے والے ایم کیوایم کے امیدواروں کاتعارف بھی کرایااوراس پر کارکنوں کومبارکباد پیش کی ۔