23 اپریل ، 2013
کراچی…کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرزاور پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن،21 افراد کو حراست میں لے کر ہتھیار برآمد کرلئے گئے۔بنارس میں صبح سویرے رینجرز نے ٹارگیٹڈ کارروائیوں میں 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف ہتھیار برآمد کرلئے۔ دوسری جانب سپرہائی وے پر سبزی منڈی کے قریب بسم اللہ مارکیٹ کی دکانوں،گوداموں،ہوٹلوں،مسافر خانوں اور اوپری منزلوں پر قائم رہائشی اپارٹمنٹس میں بھی رینجرز نے ٹارگٹیڈ آپریشن کیا۔ رینجرز ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا،علاقے سے مختلف اقسام کے 19 ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔کورنگی کے علاقوں بلال کالونی اور مہران ٹاوٴن میں پولیس آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کا کہنا ہے کہ آپریشن میں پولیس کمانڈوز،خواتین اہلکاروں سمیت پولیس کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں۔