06 مارچ ، 2012
لاہور… پنجاب اسمبلی نے قرآن مجید کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے اور صنعتوں میں گیس فراہمی کا متبادل حل تلاش کرنے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی ہیں۔ اقلیتی رکن پرویز رفیق مسیح نے شہباز بھٹی کی برسی میں شرکت سے روکنے پر شدید احتجاج کیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس سوا گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا ،وقفہ سوالات کے دوران وزیر زراعت ملک احمد علی اولکھ نے بتایا کہ پنجاب نے 2010 میں سات ارب 92 کروڑ روپے کی سبزیاں برآمد کیں۔ مسلم لیگ فنکشنل کی اسماء ممدوٹ کی جانب سے قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ تعلیمی نصاب میں شامل نصاب کرنیکی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ مسیحی رکن پرویز رفیق نے چار مارچ کو شہباز بھٹی کی برسی میں شرکت سے روکنے اور پولیس کی جانب سے دھمکیوں کی شدید مذمت کی۔ وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز بھٹی کے بھائی نے پرویز رفیق کو شرکت سے منع کیا تھا حکومت پنجاب کا کوئی رول نہیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن حسن مرتضی نے فنڈز نہ ملنے پر احتجاج کیا اورکہا کہ وزیر قانون نے دل پر پتھر باندھ لیا ہے انھوں نے اسپیکر سے کہا کہ وہ بھی کل اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ سکتے ہیں اسپیکر نے کہا کہ اوہ دن ڈْبا، جد گھوڑی چڑھیا کْبا، اسپیکر نے اجلاس صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔