17 اپریل ، 2013
لاہور…مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسرساجد میرنے کہا ہے کہ دینی قائدین اپنی اپنی جماعتوں کے بارے میں غلط اندازے لگا رہے ہیں،یہی چیزانہیں باہمی اتحاد سے دور رکھنے کی بنیادی وجہ ہے۔سینیٹر ساجد میر نے یہ بات جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر فرید پراچہ کی قیادت میں وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ پارٹی شوریٰ کے فیصلے کے مطابق وہ مسلم لیگ ن کا ساتھ دے رہے ہیں،تاہم بعض جماعتیں بیرونی طاقتوں کی ناراضی کا خطرہ مول نہیں لیناچاہتیں، اس لئے وہ دینی جماعتوں کو اپنے قریب نہیں دیکھنا چاہتیں۔ ڈاکٹر فرید پراچہ نے اس موقع کہاکہ ملک کے اسلامی تشخص ،سا لمیت اور دفاع کے لئے دینی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے۔