06 مارچ ، 2012
پشاور…تحریک انصاف کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کے چیئرمین اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسلام،پشتون ولی اور جمہوریت کے نام پر پختونوں کے جتنے حقوق غصب کئے گئے وہ تحریک انصاف واپس دلائے گی۔تحریک انصاف کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کے چیئرمین اسد قیصر نے ان خیالات کا اظہار صوابی کے علاقہ مرغز میں تحریک انصاف کے بیرون پاکستان سے آئے ہوئے ورکرز کو دیئے جانے والے ایک استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے اسدقیصر نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدارمیں آ کر ملک میں اسپتال اور یونیورسٹیاں قائم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر ایک دہائی سے اقتدارسے چمٹے لوگوں کی اصلیت اور حقیقت عوام کو معلوم ہو چکی ہے۔ جبکہ پشتونوں کے نام پر اقتدار میں آنیوالوں کا کردار بھی سب نے دیکھ لیا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ تحریک انصاف لٹیرے حکمرانوں سے قوم کی ایک ایک پائی کا حساب کریگی اور اس ملک کے عوام کا پیسہ واپس لا کر اسی ملک کے عوام پر خرچ کریگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدارمیں آکر عوام کو سماجی ،معاشی انصاف او ر قانون کی بالادستی فراہم کرینگے ملک کی دولت لوٹنے سے قوم کی ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔