02 مئی ، 2013
انقرہ …ترکی کی قومی ائیر لائن نے اپنی فضائی میزبانوں پر لال اور گلابی رنگ جیسے شوخ رنگوں کی لپ اسٹک استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن انتظامیہ نے خواتین اسٹاف پر معمولی میک اپ اور ہلکے رنگ کی لپ اسٹک لگانے پر زور دیتے ہوئے شوخ رنگوں کی لپ اسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی لگا دی ہے۔ائیر لائن انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے بعدملک کے سیکولر حلقوں میں نئی بحث نے جنم لے لیا ہے جبکہ متعدد خواتین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا ہے۔واضح رہے کہ ترکی کی قومی ائیر لائن کی جانب سے اندرونِ ملک پروازوں کے دوران مسافروں کو الکحل د ینا بھی بند کر دی گئی ہے۔