07 مارچ ، 2012
اسلام آباد… الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 53 کے ضمنی الیکشن میں امیدوار وحیدہ شاہ کی طرف سے پولنگ عملے پر تشدد کے خلاف معاملے پر فیصلہ کچھ دیر میں متوقع ہے۔ کیس کی سماعت گذشتہ روز مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔ گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حامد علی مرزا کی زیر صدارت ہونے والے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں طلبی کے باوجود ، وحیدہ شاہ وہاں حاضر نہ ہوئیں تاہم انکا وکیل وہاں آیا ہوا تھا، جس نے اپنی موکلہ کی طرف سے معافی بھی مانگی ، اجلاس کو بتایاگیا کہ وحیدہ شاہ کے خلاف تشدد، دھاندلی سمیت 19 الزامات عائد ہیں ، اجلاس میں موجود وحیدہ شاہ کے ایک انتخابی حریف مشتاق تالپر نے انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ، کمیشن نے کچھ دیر معاملے کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو اب سے کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔