08 مئی ، 2013
کراچی… کراچی میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جنوبی نے ہر پولنگ اسٹیشن پر رینجرز کے ساتھ فوجی اہلکار کی تعیناتی اور حساس علاقوں میں فوجی چوکیاں قائم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو خط لکھ دیاہے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسراور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی شاہد شفیق کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو بھیجے گئے خط کے متن کے مطابق ضلع جنوبی میں قیام امن اور شفاف انتخابات کیلئے ہر پولنگ اسٹیشن پر رینجرز کے ساتھ فوج تعینات کی جائے۔جبکہ فوج کی پٹرولنگ کے ساتھ حساس علاقوں میں فوجی چوکیاں بھی قائم کی جائیں۔انہو ں نے لکھا ہے کہ انتخابات کے روز بدترین دھاندلیوں اور پرتشدد واقعات کے خدشات سے متعلق متعدد زبانی تحریری شکایات موصول ہوئی ہیں،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے خط میں ایجوکیشن آفیسر جمشید ٹاوٴن سید عارف علی اور دیگر عملے کو دی جانے والی نامعلوم مسلح افراد کی دھمکیوں کا بھی ذکر کیا ہے۔