12 مئی ، 2013
نواب شاہ…نواب شاہ میں انتخابی نتائج کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں تناوٴ بڑھ گیا ہے ، مسلح افراد کی فائرنگ سے 24 گھنٹے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد شہر میں فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔ نواب شاہ میں انتخابی نتائج کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے حامیوں میں تصادم کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ شہر میں کاروبار زندگی معطل اور ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی ہے۔ مسلح افراد کے شہر میں گشت کے بعد شدید خوف و ہراس ہے اور شہری گھروں تک محدود ہیں۔ امن و امان کی خراب صورت حال کے باعث ضلعی انتظامیہ نے فوج کو طلب کرلیا ہے اور شہر کے حساس علاقوں میں فوجی دستے گشت کررہے ہیں۔ادھر خیر پور میں ہفتے کو پولنگ کے دوران مسلم لیگ ن کے 2 کارکنوں کے قتل پر ہڑتال کی گئی ۔ شہر میں بازار بند رہے۔ اور نواز لیگ کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔مردان کے علاقے گلی باغ میں دو سیاسی گروپوں کے درمیان فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فریقین نے 3 گھروں کو بھی آگ لگادی۔