پاکستان
18 مئی ، 2013

امریکی ریاست ٹیکساس میں ن لیگ کی کامیابی پر تقریبات کا انعقاد

امریکی ریاست ٹیکساس میں ن لیگ کی کامیابی پر تقریبات کا انعقاد

ہیوسٹن،ٹیکساس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ خصوصی…امریکی ریاست ٹیکساس کے دو بڑے شہروں ہیوسٹن اور ڈیلس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے پاکستان میں انتخابی کامیابی پر جشن فتح منایا گیا۔ اس سلسلے میں ہونے والی تقریب میں مسلم لیگ ن ٹیکساس کے صدر سید طلحہ بخاری، عہدیداران جن میں ظفر اقبال، سید جمیل، آصف ملک نسیم، شکیل فردوس، مسز امین، وومن ونگ کی صدر مسز شمیم ہمایوں خان برکی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاست ٹیکساس کے صدر طلحہ بخاری نے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی بھرپور کامیابی اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کے عوام کی اکثریت سمجھتی ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ممکن ہے، یہی وہ واحد پارٹی ہے جو اس ملک کے مسائل کو حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر تقریب کے شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ دوسری جانب ریاست ٹیکساس کے دوسرے بڑے شہر ڈیلس میں جشن فتح کی ایک تقریب مسلم لیگی رہنما جاوید سموئیل کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی جس میں ڈیلس کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ڈیلس کے کوآرڈینیٹر اور جاوید سیموئیل نے مشترکہ طور پر کیک کاٹا۔ سراج بٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی فتح عوام کی فتح اور آمریت کی شکست ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ جس اقتدار کے قریب ہے وہ پھولوں کی نہیں کانٹوں کی سیج ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے دی گئی بھارتی وزیر اعظم کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی راہ ہموار ہوگی اور 1999ء میں منقطع ہونے والے خوشحالی کے دور کا وہیں سے آغاز دونوں ممالک کی عوام کیلئے خوش آئند ہے۔ تقریب کے اختتام پر محفل غزل منعقد کی گئی جس میں جاوید سموئیل، ارم سموئیل اور پاکستان سے آنے والے محمود قاسمی سمیت دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

مزید خبریں :