08 مارچ ، 2012
بیجنگ…چین نے ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ برکس (Bricks) کو چینی کرنسی یوان میں قرض فراہمی کی پیشکش کی ہے۔ چین کی جانب سے یوان کو عالمی کرنسی کے طور منوانے کی یہ ایک اور کوشش ہے۔ اس گروپ میں بھارت ، برازیل ،روس اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔معاہدے پر 29 مارچ کو نئی دہلی میں دستخط ہوں گے۔ اس معاہدے کے تحت چائنا ڈیولپمنٹ بینک جو کہ اب تک دوسرے ممالک کو ڈالر میں قرض فراہم کرتا تھا، اب یوان میں بھی ان ممالک کو قرض فراہم کرے گا معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام گروپ میں باہمی تجارت کے فروغ اور یوان کی عالمی سطح پر قدر میں اضافے کے لئے کیا گیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق چین کا تقریباً 13 فیصد تجارتی لین دین یوان میں ہوتا ہے اور توقع ہے کہ سال 2015 تک یہ بڑھ کر 50 فیصد ہوجائے گا۔