21 مئی ، 2013
بنوں/خضدار…بنوں، خضدارا ور جنوبی وزیر ستان کی قومی اورصوبائی اسمبلی کی چار نشستوں کے لئے13پولنگ اسٹیشنوں پرپولنگ شروع ہوگئی ہے۔ پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہیگی۔11مئی کو عام انتخابات کے موقع پر دونوں حلقوں میں ووٹنگ کے دوران مبینہ دھاندلی کی وجہ سے پولنگ روک دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے بعد حلقہ پی کے 71کے تین اور پی کے 72کے 4پولنگ اسٹیشنوں پر آج دوبارہ ووٹنگ کی جارہی ہے۔ حلقہ 71 میں پولنگ اسٹیشن کی تعداد 60جبکہ حلقہ 72میں 68 ہے۔خضدارکے حلقہ این اے269کے دو پولنگ اسٹیشنوں میں دوبارہ پولنگ کی جارہی ہے۔ یہاں پولنگ اسٹیشن پر پولنگ عملے کی غیر موجودگی کی وجہ سے پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔ حلقہ کے دونوں پولنگ اسٹیشنوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد1200 سے ہے۔جنوبی وزیرستان کے حلقہ این اے 41 کے چار پولنگ اسٹیشنوں پر بھی دوبارہ پولنگ ہورہی ہے۔ چاروں پولنگ اسٹیشنوں پر مبینہ دھاندلی اور امیدواروں کی شکایات کے بعد دوبارہ پولنگ کرائی جارہی ہے۔اس موقع پر پاک فوج اور خاصہ دار فورس سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔