26 مئی ، 2013
لاہور…ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ہے، اوچ کے بعد گڈوتھرمل پلانٹ کے تمام یونٹ ٹرپ ہونے سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بیس گھنٹے جبکہ کراچی میں بھی آدھا آدھا دن بجلی بند کی جارہی ہے چھٹی کے دن بھی عوام بے قرار ہے۔کیونکہ بجلی کا شارٹ فال ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ پر برقرار ہے ۔طلب کے مقابلے میں رسد پہلے بھی کم تھی مگر بچے کچھے پاور پلانٹ بند ہوجانے سے صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے ۔گڈو تھرمل پاورمیں فنی خرابی کے باعث تمام یونٹ ٹرپ کرگئے ہیں ۔جس سے بلوچستان، کے اکیس اضلاع کو صبح آٹھ بجے سے بجلی کی فراہمی سرے سے ہی معطل ہوگئی جبکہ سندھ،اور پنجاب کے کئی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے اوچ پاور پلانٹ بھی گزشتہ روز سے بند پڑا ہے۔کراچی میں بجلی کا اہم پیداواری یونٹ بن قاسم پاور پلانٹ بند ہونے سے 560 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے ، جس کی وجہ گیس کی فراہمی میں کمی بتائی جاتی ہے۔اب سوال یہ نہیں کہ بجلی کتنے گھنٹے غائب ،بلکہ یہ پوچھیں کہ آتی کب کب ہے۔کراچی کے کئی علاقوں میں صرف آدھا دن ہی بجلی دستیا ب ہے ۔لاہور میں کہیں چھ کہیں آٹھ گھنٹے بجلی مل رہی ہے۔راولپنڈی اسلام آباد میں 12 سے 16گھنٹے تک بند کی جارہی ہے ۔پشاور میں بھی صورتحال مختلف نہیں ، کہیں 12 تو کہیں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ۔