26 مئی ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کی تنظیم نو کے سلسلے میں خارجہ امور کیلئے ایک انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈڈپلومیٹک افیئرز کمیٹی کاقیام عمل میں لایاگیاہے۔ کمیٹی کا اعلان ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے جناح گراوٴنڈعزیزآبادمیں منعقدہ جنرل ورکرزاجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین کے اعلان کے مطابق ایم کیوایم کے رہنماڈاکٹر فاروق ستار اس پانچ رکنی انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈڈپلومیٹک افیئرز کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ کمیٹی کے ارکان میں سینیٹرمصطفےٰ کمال،محترمہ نسرین جلیل،کنورخالدیونس اورحیدرعباس رضوی شامل ہیں۔ الطاف حسین نے اعلان کیاکہ ڈاکٹرفاروق ستار قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈرہوں گے۔جبکہ سابقہ رابطہ کمیٹی کے ارکان کہف الوریٰ، سیف یارخان، عادل صدیقی اور گلفرازخٹک کو تنظیم کے دیگرشعبہ جات میں ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ سابقہ رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے اپنے حلقہء انتخاب کے عوام کی خدمت کریں گے۔اس کے علاوہ دیگرتمام سابقہ اراکین رابطہ کمیٹی تحریک کے کارکنان کی حیثیت سے اپنے اپنے علاقوں میں کام کریں گے۔