30 مئی ، 2013
اسلام آباد … دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 30 ہزار پاکستانی ورکرز کے انخلاء کی اطلاعات کی تحقیقات کی جا ر ہی ہیں، وہاں غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کو ملازمت دلانے کیلئے 60 کمپنیوں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ سعودی عرب میں نئے قانون سے متاثر ہونے والے پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے، انہیں نئے سعودی قانون سمجھانے کیلئے اردو اور پشتو میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جبکہ سفارتخانے میں روزگار میلے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کو سفری دستاویزات کی فوری فراہمی کا انتظام کر دیا گیا ہے، گرفتار پاکستانیوں کیلئے ڈیپورٹیشن سینٹرز پر قانونی ماہرین کی سہولت موجود ہے جبکہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں پاکستانیوں کی معاونت کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی بھیجی گئی ہیں۔