03 جون ، 2013
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن ایاز حسن کی زندگی بچانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایاز حسن پیر 3جون کی سہ پہر اپنے بیٹے کو سانگھڑ کے کیڈٹ کالج سے لینے کیلئے کراچی سے اپنے ایک دوست کے ہمراہ کرائے کی گاڑی میں روانہ ہوئے تھے کہ سہراب گوٹھ سے کچھ آگے ایک نامعلوم سرکاری ادارے کے سادہ لباس میں اہلکاروں نے ان کی گاڑی کوروک کر ان کی شناخت کی اور زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ان سادہ لباس اہلکاروں نے ایک سنسان علاقہ میں پہنچ کر ڈرائیور کو توچھوڑ دیا لیکن ایا ز حسن اور ان کے دوست کو اپنے ہمراہ لے گئے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے 8 کارکنان پہلے ہی سرکاری اہلکاروں کے ہاتھوں اغواء ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں اور ان میں سے کئی کارکنان کی غیرقانونی حراست کو کئی ماہ گزرجانے کے باوجود کوئی ادارہ ان کو حراست میں رکھے جانے کی تصدیق نہیں کررہا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چند روز قبل ماورائے عدالت قتل کئے جانے والے برنس روڈ سیکٹر کے یونٹ انچارج اجمل بیگ کے واقعہ کے تناظر میں ہمیں ایاز حسن کی زندگی کے بارے میں سخت خدشات لاحق ہیں، خطرہ ہے کہ سرکاری اہلکار ایاز حسن کی زندگی کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کی جانب سے کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن ایاز حسن اوران کے دوست کی غیرقانونی گرفتاری کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایازحسن کی زندگی کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔