03 جون ، 2013
اسلام آباد … ایم کیو ایم کے لاپتا کارکنوں کی بازیابی کیلئے سپریم کورٹ کے سامنے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی میں ایم کیو ایم کے 30 کارکن لاپتا ہوئے جن میں سے20 کو شہید کردیا گیا ہے، انتخابی مہم میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کی تعداد الگ ہے۔ سپریم کورٹ اسلام آباد کے سامنے لاپتا کارکنوں کی بازیابی کیلئے مظاہرے میں کارکنوں کے اہل خانہ کے علاوہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، بابرغوری اور دیگر ارکان قومی اسمبلی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے کارکنوں کی بازیابی کیلئے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں کراچی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کی گئیں، ریاستی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایم کیو ایم کے 10 کارکنوں کو گرفتار کرکے کسی عدالت میں پیش نہیں کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ لاپتا کارکنوں کی بازیابی کیلئے کل پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے بھی مظاہرہ کیا جاسکتا ہے۔