06 جون ، 2013
لندن … چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 26 رنز سے شکست دیدی، روبن پیٹرسن، اے بی ڈی ویلیئرز اور میکلارین نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ صوفیا گارڈنز کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 332 رنز کا ہدف دیا، پروٹیز کی پوری ٹیم پچاسویں اوور کی آخری گیند پر 305 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا کو محض31 رنز پر 2 وکٹوں کو نقصان برداشت کرنا پڑا جب کولنگ انگرام 6 اور ہاشم آملا 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں روبن پیٹرسن اور ڈی ویلیئرز کے درمیان 124 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقا میچ با آسانی جیت لے گا ، 155 کے مجموعی اسکور پر روبن پیٹرسن 68 رنز بنا کر رن آوٴٹ ہوئے جس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں ۔ اے بی ڈی ویلیئرز 70، جے پی ڈومینی 14، ڈو پلیسی 30 ، ڈیوڈ ملر صفر، کلین ویلٹ4، سوٹسوبے3 رنز پر پویلن لوٹ گئے تاہم ریان میکلارین نے بھارتی بولرز کے آگے ہمت نہ ہاری اور آخری وکٹ کیلئے مورن مورکل کے ہمراہ 48 رنز کی شراکت قائم کی ، مورکل میچ کی آخری گیند پر بولڈ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 305 رنز تھا، میکلارین 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ بھارت کے بھونیشور کمار، امیش یادیو، رویندرا جڈیجہ اور ایشانت شرمانے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی جانب سے شاندار سنچری اسکور کرنے پر شکھر دھون کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔