10 جون ، 2013
اسلام آباد…نئے اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے سپریم کورٹ میں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حکومت کے ایسے کسی اقدام کا دفاع نہیں کریں گے جو بنیادی حقوق سے متصادم ہو۔اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد منیر اے ملک نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری سے ان کے چیمبر میں ملاقات بھی کی، چیف جسٹس نے انہیں مبارک باد دی۔ اس سے پہلے ایل این جی کیس کی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں چیف جسٹس پاکستان اور نئے اٹارنی جنرل منیر اے ملک میں مکالمہ بھی ہوا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ واضح کرتے ہیں کہ بنیادی حقوق سے متصادم کسی حکومتی اقدام کا دفاع نہیں کریں گے۔ عدالتی فیصلہ کے ذریعے انصاف کی صورت میں خواہ فیصلہ کچھ ہو فتح ریاست کی ہی ہوتی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آئین اور قانون کی حکمرانی سے پارلیمنٹ عدلیہ سمیت ادارے مستحکم ہوں گے۔